بابا صدیقی کے قتل پر سلمان خان کی نم آنکھوں کے ساتھ غمزدہ تصاویر وائرل
ممبئی: بالی وڈ کے سپر اسٹار سلمان خان کی اپنے قریبی دوست اور بھارتی سیاستدان بابا صدیقی کی موت کے بعد جذباتی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو چکی ہیں۔ممبئی کے علاقے باندرہ میں بابا صدیقی کو گولیوں کا نشانہ بنا کر قتل کر دیا گیا تھا جس کے بعد سلمان خان نے شدت غم سے نم آنکھوں کے ساتھ ان کا آخری دیدار کیا۔بابا صدیقی کی نماز جنازہ میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی اور ان کی تدفین سرکاری اعزاز کے ساتھ باندرہ کے مقامی قبرستان میں کی گئی۔ جیسے ہی بابا صدیقی کے قتل کی خبر سلمان خان کو ملی، وہ اپنے مشہور شو بگ باس کی شوٹنگ چھوڑ کر فوراً اسپتال پہنچے۔سلمان خان کی بابا صدیقی سے گہری دوستی تھی، اور سوشل میڈیا صارفین نے ان کی وائرل تصاویر پر اظہارِ ہمدردی کرتے ہوئے انہیں صبر کی تلقین کی ہے۔بابا صدیقی نہ صرف سلمان خان کے قریبی دوست تھے بلکہ شاہ رخ خان اور سلمان خان کے درمیان تعلقات کی بحالی میں بھی ان کا اہم کردار تھا۔ بابا صدیقی کی مشہور افطار پارٹی نے ہی دونوں سپر اسٹارز کو قریب کیا تھا، جس کے بعد ان کی دشمنی دوستی میں تبدیل ہو گئی۔بابا صدیقی کے قتل کے بعد سلمان خان کی سکیورٹی بھی سخت کر دی گئی ہے اور ان کے گھر کے باہر اضافی پولیس نفری تعینات کر دی گئی ہے۔