ایوارڈ یافتہ ایرانی فلمساز کو 8 برس قید، کوڑوں اور جرمانے کی سزا
تہران: ایران کے نامور ایوارڈ یافتہ فلمساز محمد رسولوف کو آٹھ برس قید، کوڑوں اور بھاری جرمانے کی سزا دی گئی ہے۔فلم ڈائریکٹر کے وکیل نے سوشل میڈیا پر جاری کیے گئے بیان میں بتایا کہ عدالت نے رسولوف کو قومی سلامتی کے جرائم میں سزا سنائی ہے اور ان کی جائیداد ضبط کرنے کا حکم بھی دیا ہے۔محمد رسولوف کو اپنی فلم کی نمائش کیلئے کانز فلم فیسٹیول میں شرکت کرنا تھی لیکن اب وہ شرکت نہیں کرسکیں گے۔ہیومن رائٹس واچ کے مطابق ایرانی حکام اس سے قبل بھی فلمساز کو متعدد بار گرفتار اور ان کا پاسپورٹ ضبط کر چکے ہیں۔رسولوف کی سزا پر تنقید کرتے ہوئے ایران کی فلم ساز ایسوسی ایشن نے عدالتی فیصلے کو ضد اور انتقام کا کھیل قرار دیا ہے۔