سلمان خان فائرنگ کے واقعے کے بعد دبئی روانہ
ممبئی: بالی ووڈ کے سُپر اسٹار سلمان خان اپنی رہائش گاہ پر فائرنگ کے واقعے کے بعد سخت سیکیورٹی میں دبئی روانہ ہوگئے۔بھارتی میڈیا کے مطابق سلمان خان آج صبح ممبئی سے دبئی روانہ ہوئے ہیں جس کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے۔یہ ویڈیو ممبئی ایئرپورٹ پر بھارتی میڈیا کے فوٹوگرافرز نے بنائی جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ سلمان خان اپنے باڈی گارڈ شیرا سمیت دیگر سیکیورٹی اہلکاروں کے ہمراہ ایئرپورٹ پہنچے۔اس موقع پر سلمان خان نے بھارتی میڈیا سے گفتگو نہیں کی۔ تاہم، اُنہوں نے دور سے صحافیوں کو ہاتھ کے اشارے سے ‘ہیلو’ کہا۔سلمان خان کے یوں اچانک دبئی جانے کی وجہ سامنے نہیں آسکی لیکن فائرنگ کے واقعے کے بعد اداکار کو دیکھ کر اُن کے مداح خوش ہوگئے ہیں۔واضح رہے کہ 14 اپریل کی صبح 5 بجے ممبئی کے علاقے باندرہ میں سلمان خان کی رہائش گاہ گلیکسی اپارٹمنٹ کے باہر موٹر سائیکل سوار 2 مسلح افراد نے تین راؤنڈز فائرنگ کیے تھے اور پھر دونوں افراد فرار ہوگئے تھے۔بعدازاں ممبئی پولیس نے دونوں ملزمان کو گرفتار کرلیا تھا، پولیس کے مطابق سلمان خان کے گھر پر فائرنگ کرنے والے وکی صاحب گپتا اور ساگر کو ریاست گجرات کے علاقے بھوج سے گرفتار کیا گیا تھا، دونوں ملزمان کا تعلق لارنس بشنوئی گینگ سے ہے۔دورانِ تفتیش ملزمان نے پولیس کو بتایا کہ لارنس بشنوئی نے سلمان خان کی رہائش گاہ پر فائرنگ کے لیے 4 لاکھ روپے دینے کا وعدہ کیا تھا۔