فلسطین کی آزادی کے نعرے پر پریانکا چوپڑا کے تاثرات شدید تنقید کی زد میں آگئے

ہالی ووڈ کے معروف اداکار جیویئر بارڈیم نے 98ویں اکیڈمی ایوارڈز کی تقریب میں ایک ایسا بیان دیا جس نے سب کی توجہ حاصل کر لی۔ہسپانوی اداکار جیویئر بارڈیم بھارتی اداکارہ پریانکا چوپڑا کے ساتھ اسٹیج پر موجود تھے جہاں دونوں نے ڈولبی تھیٹر میں بہترین بین الاقوامی فیچر فلم کا ایوارڈ پیش کرنا تھا۔تقریر کا آغاز کرتے ہوئے بارڈیم نے ’نو ٹو وار اور فری فلسطین‘ کا نعرہ لگایا جس پر ہال میں موجود حاضرین نے بھرپور تالیاں بجائیں۔انہوں نے اپنے کوٹ پر دو بیجز بھی لگا رکھے تھے، جن میں ایک جنگ کے خلاف اور دوسرا فلسطین کی حمایت میں تھا، جس سے ان کا پیغام مزید واضح ہو گیا۔تاہم اس دوران پریانکا چوپڑا بظاہر مسکراتی اور سر ہلاتی دکھائی دیں لیکن وہ خاموش رہیں۔یہ لمحہ سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گیا، جہاں صارفین کی جانب سے مختلف ردعمل سامنے آیا۔کچھ لوگوں نے بارڈیم کی جرات کو سراہا جبکہ بڑی تعداد میں صارفین نے پریانکا چوپڑا کی خاموشی پر سوال اٹھائے۔



