صبا قمر نے ڈرامہ سیٹ پر پیش آنے والا پُراسرار واقعہ سنا دیا؛ مداح بھی خوف زدہ ہوگئے

دنیا میں بھانت بھانت کی مخلوق بستی ہیں اور ماورائے عقل واقعات بھی رونما ہوتے ہیں جو انسانوں کو ششدر اور چونکا کر رکھ دیتے ہیں ایسا ہی ایک واقعہ صبا قمر کے ساتھ ہوا۔منجھی ہوئی اداکارہ صبا قمر نے نجی ٹی وی پروگرام میں ڈراما سیٹ پر پیش آنے والا ایک ایسا پُراسرار واقعہ سنایا جس نے نہ صرف شوٹنگ ٹیم کو خوفزدہ کر دیا بلکہ سوشل میڈیا پر بھی بحث چھیڑ دی۔اداکارہ صبا قمر نے بتایا کہ یہ واقعہ ڈرامہ سیریل معمہ کی شوٹنگ کے دوران پیش آیا تھا جب ان کے میک اپ آرٹسٹ وضو کے لیے گئے تو اچانک انھیں کسی نامعلوم طاقت نے عقب سے تھپڑ مارا۔اداکارہ کے بقول حیران کن بات یہ تھی کہ اُس وقت وہاں کوئی موجود نہیں تھا اور نہ ہی میک اپ آرٹسٹ کو کچھ دکھائی دیا۔صبا قمر نے کہا کہ اس واقعے کے بعد سیٹ پر خوف کی فضا قائم ہو گئی اور کئی افراد نے اسے جنات سے جڑا کوئی معاملہ قرار دیا۔



