کاش اپنا گھر بچوں کا نام نہ کیا ہوتا؛ مرتے دم تک رنج رہے گا؛ گلوکارہ ترنم ناز

نہایت سینئر اور معروف غزل گو کلاسیکل گلوکارہ ترنم ناز نے اپنے زندگی کے سب سے بڑے دکھ سے مداحوں کو آگاہ کردیا۔لیجنڈری کلاسیکل گلوکاراؤں میں سے ایک ترنم ناز نے حال ہی میں ٹیلی وژن پر ایک شو میں شرکت کی اور اپنی زندگی پر کھل کر گفتگو کی۔ایک سوال کے جواب میں ترنم ناز نے بتایا کہ میں نے اپنی محنت کی کمائی سے زمین لی اور پھر اپنی پسند کے مطابق بہت دل سے اپنا گھر بنایا تھا۔انھوں نے مزید بتایا کہ بچے اُس وقت چھوٹے تھے تو میں نے یہ گھر ان کے نام کردیا کہ چاہے میرے نام ہو یا بچوں کے، ایک ہی بات ہے۔ترنم ناز نے دکھ بھرے انداز میں بتایا کہ جب بچے بڑے ہوگئے اور ان کی شادی کرائی تو وہ گھر میں سے حصہ مانگنے لگے۔انھوں نے مزید کہا کہ والدین کی حیثیت اور اہمیت تب مختلف ہوتی ہے جب وہ خود اپنی پراپرٹی کے مالک ہوں۔گلوکارہ ترنم ناز نے تسلیم کیا کہ اپنا گھر بچوں کے نام کردینا میری زندگی کی سب سے بڑی غلطی تھی جس کا رنج تاحیات رہے گا۔ترنم ناز نے مزید کہا کہ بچے اب بھی تابعدار ہیں لیکن اگر گھر میرے ہی نام رہتا تو صورت حال مزید بہتر اور مختلف ہوتی۔



