ریسٹورنٹ میں ہنگامہ آرائی کی وائرل ویڈیو، شلپا شیٹی نے خاموشی توڑ دی

بالی ووڈ اداکارہ شلپا شیٹی ایک بار پھر خبروں کی زینت بن گئی ہیں، اس بار وجہ ان کی فلم نہیں بلکہ ان کا کاروباری منصوبہ ہے۔ اداکارہ کے مہنگے ریسٹورنٹ چین ’باسٹین‘ کو اس وقت قانونی جانچ پڑتال کا سامنا ہے، جس پر شلپا شیٹی نے بالآخر اپنا مؤقف سامنے رکھ دیا ہے۔یہ معاملہ اُس وقت سامنے آیا جب بنگلورو پولیس نے ’باسٹین‘ کے مقامی آؤٹ لیٹ کے خلاف مقدمہ درج کیا۔ الزام یہ ہے کہ ریسٹورنٹ مقررہ وقت سے زیادہ دیر تک کھلا رہا اور مقامی قوانین کی خلاف ورزی کی گئی۔ پولیس نے یہ کیس کرناٹک پولیس ایکٹ کی دفعہ 103 کے تحت درج کیا، جس کے بعد سوشل میڈیا پر قیاس آرائیوں کا سلسلہ شروع ہوگیا۔سوشل میڈیا پر سی سی ٹی وی فوٹیج بھی وائرل ہوئی تھی، جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ پب کے اندر موجود افراد کے ایک گروپ کے درمیان بلند آواز میں تلخ کلامی ہو رہی ہے، جس سے ماحول خاصا کشیدہ دکھائی دیا۔آن لائن رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا کہ ریسٹورنٹ میں مبینہ طور پر ایک نجی نائٹ پارٹی منعقد کی گئی تھی، جو قوانین کے برخلاف تھی۔ معاملہ بڑھنے پر شلپا شیٹی نے اگلے ہی دن ایک تفصیلی بیان جاری کیا اور گردش کرنے والی خبروں پر شدید تحفظات کا اظہار کیا۔اداکارہ کا کہنا تھا کہ ان پر لگائے جانے والے الزامات بے بنیاد اور من گھڑت ہیں، اور ایک انتظامی معاملے کو بلاوجہ فوجداری رنگ دیا جارہا ہے۔ شلپا شیٹی نے واضح کیا کہ اس کیس کے خلاف ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی جاچکی ہے اور وہ عدالتی فیصلے کا انتظار کررہی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ان کی ٹیم مکمل طور پر تحقیقات میں تعاون کر رہی ہے اور انہیں ملک کے عدالتی نظام پر پورا اعتماد ہے۔ شلپا شیٹی نے میڈیا سے بھی اپیل کی کہ چونکہ معاملہ عدالت میں زیرِ سماعت ہے، اس لیے قیاس آرائیوں سے گریز کیا جائے۔اسی دوران توجہ ممبئی کی جانب بھی مبذول ہوگئی، جہاں ’باسٹین‘ کے دادَر آؤٹ لیٹ پر انکم ٹیکس حکام کی کارروائی کی اطلاعات سامنے آئیں۔ تاہم اس حوالے سے حکام نے تاحال کوئی تفصیلات جاری نہیں کیں اور نہ ہی شلپا شیٹی نے اس معاملے پر کوئی تبصرہ کیا ہے۔قانونی پیچیدگیوں کے باوجود شلپا شیٹی کا مؤقف واضح ہے کہ وہ قانونی عمل پر یقین رکھتی ہیں اور سمجھتی ہیں کہ سچ سامنے آئے گا۔



