ٹیلر سوئفٹ دنیا بھر میں ڈیپ فیک کا سب سے زیادہ نشانہ بننے والی شخصیت قرار

امریکی پاپ اسٹار ٹیلر سوئفٹ دنیا بھر میں ڈیپ فیک کا سب سے زیادہ نشانہ بننے والی شخصیت قرار پائی ہیں۔سائبر سیکیورٹی فرم میکافی کی نئی رپورٹ کے مطابق ٹیلر سوئفٹ کے ڈیپ فیک صرف غیر اخلاقی مواد تک محدود نہیں رہے بلکہ دھوکے بازوں نے ان کی نقل بنا کر جعلی برانڈ انڈورسمنٹس، اشتہارات اور فراڈ لنکس بھی پھیلائے۔ مجرمان AI کی مدد سے مشہور شخصیات کی آواز اور چہرہ تیار کرکے جعلی گفٹس، کرپٹو اسکیمز اور بیوٹی پراڈکٹس کے نام پر ایسے لنکس بناتے ہیں جو مالویئر اور آن لائن فراڈ کا باعث بنتے ہیں۔میکافی کے سروے کے مطابق 72 فیصد امریکیوں نے جعلی سیلیبرٹی انڈورسمنٹس دیکھیں، 39 فیصد نے ان لنکس پر کلک کیا جبکہ ہر 10 میں سے ایک شخص کا پیسہ یا ذاتی ڈیٹا چوری ہوا، متاثرہ افراد کو اوسطاً 525 ڈالر کا نقصان پہنچا۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ٹیلر سوئفٹ کے بعد اسکارلٹ جوہانسن دوسرا سب سے بڑا نشانہ بنیں، ان کے بعد جینا اورٹیگا، سڈنی سوینی، سبریانا کارپینٹر اور ٹام کروز جیسی معروف شخصیات بھی ڈیپ فیک دھوکا دہی سے متاثر ہوئیں۔



