آریانا گرانڈے سے بدسلوکی کرنے والے شخص کو سزا مل گئی

سنگاپور میں ’’وِکڈ: فار گُڈ‘‘ فلم پریمیئر کے دوران امریکی پاپ اسٹار آریانا گرانڈے سے بدسلوکی کرنے والے شخص کو 9 دن قید کی سزا سنادی گئی۔اس واقعے نے سوشل میڈیا پر خاصی ہلچل مچائی تھی۔ اسٹیج پر آکر حملہ کرنے والے شخص نے اعتراف جرم کرلیا تھا۔مقامی اخبار اسٹریٹس ٹائمز کے مطابق 26 سالہ جانسن وین کو عدالت نے عوامی خلل پیدا کرنے کے جرم میں سزا سنائی۔ وین خود کو ’اسٹیج انویڈر‘‘ یعنی مشہور شخصیات کے قریب جانے کے لیے اسٹیج یا رکاوٹیں توڑ کر گھس آنے والا فرد کہتے ہیں۔وہ اس سے پہلے بھی کئی بار لائیو ایونٹس کی سیکیورٹی توڑ چکے ہیں، جن میں کیٹی پیری، دی ویکینڈ کے کنسرٹس اور ویمنز ورلڈ کپ 2023 کا فائنل شامل ہے۔جج کرسٹوفر گوہ نے کہا کہ وین ماضی میں ایسے واقعات کے باوجود کسی قانونی کارروائی سے بچتا رہا ہے۔ انہوں نے وین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ’’شاید تم نے سمجھا کہ یہاں بھی کچھ نہیں ہوگا، لیکن مسٹر وین… آپ غلط ہیں۔ ہر عمل کی ایک قیمت ہوتی ہے۔‘‘جج نے مزید کہا کہ وین کا یہ قدم پہلے سے سوچا سمجھا لگتا ہے اور وہ صرف توجہ حاصل کرنا چاہتا ہے، دوسروں کی حفاظت کا اسے خیال نہیں۔



