معمول کے چیک اپ کے دوران بریسٹ کینسر کی تشخیص ہوئی تھی، مہیما چوہدری

بالی وڈ اداکارہ مہیما چوہدری نے 2022 میں معمول کے چیک اپ کے دوران بریسٹ کینسر کی تشخیص کا انکشاف کیا ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق ینگ ویمن بریسٹ کینسر کانفرنس 2025 سے خطاب کے دوران مہیما چوہدری نے تمام عمر کی خواتین کو باقاعدگی سے میڈیکل اسکریننگ کروانے کا مشورہ دیتے ہوئے اپنا تجربہ بھی شیئر کیا۔مہیما چوہدری نے بتایا کہ’2022 میں معمول کے چیک اپ کے دوران بریسٹ کینسر کی تشخیص میرے لیے حیران کن تھی‘۔اداکارہ کے مطابق’3 سال قبل میں سالانہ چیک اپ کیلئے گئی تھی ناکہ بریسٹ کینسر کی اسکریننگ کیلئے، کیوں کہ مجھ میں کوئی بھی ایسی علامت موجود نہیں تھی جو یہ ظاہر کرتی کہ مجھے بریسٹ کینسر ہے‘۔مہیما چوہدری کا کہنا تھا کہ‘ کینسر ایک ایسا مرض ہے جسے آپ خود نہیں پکڑ سکتے کیوں کہ اس مرض کی تشخیص مکمل جانچ کیے بغیرنہیں کی جاسکتی، پھر چاہے کوئی مریض کتنا ہی صحت مند ہو یا نظر آتا ہو لہٰذا اگر آپ سالانہ چیک اپ کے لیے جاتے رہیں گے تو آپ اس مرض کی جلد تشخیص کے ساتھ ساتھ اس کا علاج بھی جلد کرواسکیں گے‘۔اداکارہ نے کہا کہ ’اب بھارت میں بریسٹ کینسر کے علاج میں تبدیلی آگئی ہے، اب دوائیں بھی سستی ہیں اور کینسر کے بارے میں آگاہی بھی زیادہ ہے، میں نے بھی کینسر سے مضبوطی سے لڑنے والے مریضوں کی کہانیاں سن کر حوصلہ حاصل کیا تھا‘۔یاد رہے کہ اداکارہ نے 2022 میں بریسٹ کینسر میں مبتلا ہونے کی خبر مداحوں سے شیئر کی تھی اس کے چند ماہ بعد ہی اداکارہ کی جانب سے کینسر سے صحتیابی کا اعلان بھی کیا گیا تھا۔



