فلموں میں بار بار مار کھانے پر والد نے کہا گھر مت آنا، نواز الدین صدیقی

بھارتی اداکار نوازالدین صدیقی نے انکشاف کیا ہے کہ کیریئر کے آغاز میں فلموں میں بار بار مار کھانے والے کرداروں کی وجہ سے ان کے والد نے انہیں گھر آنے سے روک دیا تھا۔ایک تازہ انٹرویو میں نوازالدین نے بتایا کہ سرفروش اور منا بھائی ایم بی بی ایس جیسی فلموں میں ان کی پٹائی والے مناظر والد کے لیے باعث شرمندگی بن جاتے تھے، جب کہ گاؤں والے بھی انہیں طعنے دیتے تھے کہ ان کا بیٹا فلموں میں ہمیشہ مار کھاتا نظر آتا ہے۔اداکار نے کہا کہ اس دور میں انہیں چور، جیب کترے اور کمزور کردار ہی ملتے تھے اور وہ اچھے رول کے لیے جدوجہد کر رہے تھے مگر والد نے واضح کہہ دیا تھا کہ جب تک بہتر کردار نہ ملیں، گھر نہ آئیں۔ اسی وجہ سے وہ تین سال تک گاؤں نہیں گئے۔نوازالدین نے بتایا کہ گینگز آف واسع پور ان کے کیریئر کا ٹرننگ پوائنٹ ثابت ہوئی۔ اس فلم کی کامیابی کے بعد جب وہ واپس گاؤں پہنچے تو والد نے پہلی بار ان کے کردار کی تعریف کی اور کہا کہ انہوں نے واقعی اچھا کام کیا ہے۔



