جومانجی فرنچائز کی آخری فلم کی شوٹنگ کا آغاز

ہالی ووڈ کی مشہور فلم جومانجی کے تیسرے اور آخری پارٹ کی شوٹنگ کا آغاز ہوگیا۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ہالی ووڈ ایکشن ہیرو ڈوین جانسن (دی راک) نے تصدیق کی ہے کہ مشہور ایڈونچر فرنچائز ’جومانجی‘ کی تیسری اور آخری فلم کی شوٹنگ باضابطہ طور پر لاس اینجلس میں شروع ہو گئی ہے۔دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ پہلا موقع ہے جب جومانجی فلم کی شوٹنگ لاس اینجلس میں ہو رہی ہے۔ اس سے قبل سیریز کی فلمیں ہوائی اور اٹلانٹا میں فلمائی گئی تھیں۔فلم میں ڈوین جانسن، کیون ہارٹ، جیک بلیک اور کیرن گیلن سمیت تمام مرکزی اداکار ایک بار پھر اپنے مشہور کرداروں میں واپس آ رہے ہیں۔فلم کی ہدایت کاری ایک بار پھر جیک کیسڈن کے سپرد ہے، جنہوں نے پہلی دو فلمیں ’جومانجی: ویلکم ٹو دی جنگل‘ اور ’جومانجی: دی نیکسٹ لیول‘بھی ڈائریکٹ کی تھیں۔اداکار نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شوٹنگ کے آغاز کی تصاویر شیئر کیں، جس میں فلم کی کاسٹ کو ایک ساتھ دیکھا جا سکتا ہے۔ پوسٹ میں ڈوین جانسن نے جذباتی کیپشن بھی لکھا۔’لاس اینجلس میں جومانجی کی پروڈکشن کا باضابطہ آغاز ہو گیا ہے۔ یہ سفر ہمارے لیے بہت خوشگوار اور دل سے جڑا ہوا ہے۔ جومانجی کا یہ آخری باب خوبصورت انجام کی طرح محسوس ہو رہا ہے۔ پوری ٹیم کے ساتھ دوبارہ کام کر کے بے حد خوشی ہوئی، ہم ہنس ہنس کر تھک گئے۔ ہم سب نے محسوس کیا کہ ہم نے اس خوشی اور مزاح کو کتنا مس کیا تھا۔ اب وقت ہے ایک بہترین فلم بنانے کا‘۔یہ فلم ’جومانجی‘ فرنچائز کا آخری باب قرار دی جا رہی ہے، جس نے دنیا بھر میں ناظرین کے دل جیتے اور اربوں ڈالر کا بزنس کیا۔



