’میرے پاس تم ہو‘ میں ہمایوں سعید کا کردار بولی وڈ کے خانز بھی نہیں نبھا سکتے تھے، خلیل الرحمٰن قمر

معروف ڈراما نویس وہدایت کار خلیل الرحمٰن قمر نے بتایا کہ ’میرے پاس تم ہو‘ میں ہمایوں سعید کا ادا کیا گیا کردار اتنا منفرد اور شاندار تھا کہ شاید بولی وڈ کے خانز یعنی سلمان خان، شاہ رخ خان یا عامر خان بھی اسے اتنی خوبی سے نہیں نبھا سکتے تھے۔’میرے پاس تم ہو‘ پاکستان کے مقبول ترین ڈراموں میں شمار ہوتا ہے، جسے خلیل الرحمٰن قمر نے تحریر کیا، جب کہ ہدایت کاری ندیم بیگ نے انجام دی اور پروڈیوسر ہمایوں سعید تھے، یہ ڈراما اے آر وائی ڈیجیٹل پر نشر کیا گیا تھا۔خلیل الرحمٰن قمر نے حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں شرکت کرتے ہوئے ڈرامے میں اداکاروں کے انتخاب اور کرداروں کے حوالے سے اہم باتیں شیئر کیں۔ان کا کہنا تھا کہ ایک اچھا اداکار وہ ہوتا ہے جو اپنے مکالمے بخوبی ادا کرے اور کردار کے مطابق قدرتی لگے۔انہوں نے بتایا کہ ’میرے پاس تم ہو‘ میں ہمایوں سعید کا کردار اتنا منفرد اور بہترین تھا کہ شاید بولی وڈ کے خانز یعنی سلمان خان، شاہ رخ خان یا عامر خان بھی ہمایوں سعید سے بہتر نہیں نبھا سکتے تھے۔خلیل الرحمٰن قمر نے مزید کہا کہ یہ اصول ہمایوں سعید پر بھی لاگو ہوتا ہے، یعنی ہر کردار ہر اداکار پر سوٹ نہیں کرتا اور کبھی کبھار کوئی اور اداکار کسی کردار کو بہتر طریقے سے نبھا سکتا ہے۔ڈرامے کے لیے اداکاروں کے انتخاب کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ وہ اس وقت دو اداکاروں پر اصرار کیے ہوئے تھے کہ ان کا انتخاب لازمی ہونا چاہیے ہمایوں سعید اور عدنان صدیقی۔ان کے مطابق اس سے قبل انہوں نے عدنان صدیقی کے ساتھ کام نہیں کیا تھا اور ابتدا میں وہ انہیں اتنا بڑا اداکار نہیں سمجھتے تھے، تاہم جب عدنان صدیقی کا نام تجویز کیا گیا تو کئی لوگوں نے اس کی وجہ پوچھی۔خلیل الرحمٰن قمر نے وضاحت کی کہ جو کردار عدنان صدیقی نے ادا کیا، اس کردار کے لیے انہیں ایک ایسا اداکار چاہیے تھا جو بہت امیر لگے، اس کے چلنے کے انداز سے بھی امیری کا تاثر آئے اور ان کے مطابق عدنان صدیقی اس کردار کے لیے بہترین انتخاب ثابت ہوئے۔



