’بدترین شو‘، مادھوری کے کانسرٹ میں تاخیر سے پہنچنے پر مداح سیخ پا، ٹکٹ کی رقم واپس مانگ لی

کینیڈا کے شہر ٹورنٹو میں ہونے والے ایک کانسرٹ میں سپراسٹار مادھوری ڈکشٹ کے 3 گھنٹے تاخیر سے پہنچنے پر مداح سیخ پا ہوگئے۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق مادھوری ڈکشٹ 2 نومبر کو ٹورنٹو کے گریٹ کینیڈین کیسینو ریزورٹ میں ’ دل سے مادھوری ‘نامی ایک کانسرٹ میں شریک ہوئی تھیں۔شو کی تشہیر کیلئے شیئر سوشل میڈیا پوسٹس میں مادھوری کی تصاویر اور ان سے متعلق کیپشن استعمال کرکے مداحوں کی دلچسپی بڑھائی گئی لیکن تقریب کے بعد شو میں شریک ہونے والے اداکارہ کے مداح ان کے 3 گھنٹے تاخیر سے کانسرٹ میں پہنچنے اور صرف مختصر سی گفتگو پر بھڑک اٹھے اوراس شو کو ایک بدترین تجربہ قرار دے دیا۔بعد ازاں کانسرٹ کی تشہیر کیلئے بنائے گئے سوشل میڈیا پیج پر مداح کہیں اس شو کو ’ اب تک کا سب سے بدترین شو ‘ تو کہیں وقت کا ضیاع قرار دیتے نظر آئے۔شو میں شریک ہونے والے امان نامی صارف نے غصے کا اظہار کرتے ہوئے کمنٹ میں لکھا کہ ’ بدترین شو تھا، ہم مادھوری کیلئے اس شو میں شریک ہوئے تھے لیکن وہ رات 10 بجے تک اسٹیج پر نہ آئی، اس کانسرٹ میں شریک ہر شخص کو ٹکٹ کے پیسے واپس ملنے چاہیے، کیوں کہ وہاں بالکل مزہ نہ آیا‘۔ایک صارف نے لکھا کہ ’ کانسرٹ وقت کا ضیاع تھا، زیادہ تر لوگ ٹکٹس کے پیسے واپس دیے جانے کا مطالبہ کرتے ہوئے مادھوری کے آنے کے کچھ ہی دیر بعد واپس جانے لگے، مادھوری 3 گھنٹے گزرجانے کے باوجود اسٹیج پر نہ پہنچ سکی تھیں۔‘ سوشل میڈیا پر جاری اس بحث کے بعد منتظمین کا بیان بھی سامنے آیا جس میں وضاحت دی گئی ہے کہ ’ ایونٹ کا آغاز مقررہ وقت پر ہوا، آغاز میں انڈین آئیڈیل کے مشہور گلوکاروں نے شیڈول کے مطابق پرفارمنس دی، شو کے فارمیٹ میں ساڑھے 8 بجے مداحوں کا مادھوری ڈکشٹ کے ساتھ سوال جواب کا سیشن شامل تھا جس کے بعد مادھوری کی 60 منٹ کی پرفارمنس شیڈول کی گئی تھی لیکن مادھوری کی اپنی مینجمنٹ ٹیم نے ان کی آمد کے حوالے سے غلط وقت بتایا‘۔ انتظامیہ کی جانب سے کانسرٹ میں مادھوری کی پرفارمنس کی ویڈیو بھی شیئر کی گئی ہے۔



