شاہ رخ خان نے سلمان خان کو ’بہترین بھائی‘ قرار دے دیا

بالی وڈ کنگ شاہ رخ خان نے سلمان خان کو ’بہترین بھائی‘ قرار دے دیا۔ شاہ رخ خان کی جانب سے اپنی 60 ویں سالگرہ کے موقع پر مداحوں کے ساتھ سوال جواب کے سیشن کا انعقاد کیا گیا تھا۔جہاں سپر اسٹار کے مداحوں نےAskSRK # کا استعمال کرتے ہوئے شاہ رخ سے دلچسپ سوالات کیے۔سیشن کے دوران وشوجیت پٹیل نامی صارف نے شاہ رخ سے سوال کیا کہ سلمان خان کیلئے ایک لفظ کہیے ۔اس کے جواب میں بالی وڈ کنگ نے دبنگ خان کو ’بہترین بھائی‘ کہتے ہوئے ان سے محبت کا اظہار کیا۔بات کی جائے بالی وڈ کے2 سپر اسٹارز کے درمیان دوستی کی تو یہ سلسلہ 1995 میں فلم ’کرن ارجن ‘ کے دوران شروع ہوا جس کے بعد بالی وڈ خانز کی اس جوڑی کو ’ کچھ کچھ ہوتا ہے اور ہم تمہارے ہیں صنم ‘ سمیت کئی کامیاب فلموں میں ایک ساتھ دیکھا گیا۔بعد ازاں 2008 میں کترینہ کیف کی سالگرہ کی پارٹی میں ہونے والے جھگڑے کے بعد سلمان اور شاہ رخ ایک دوسرے سے ملنے سے گریز کرنے لگے۔ تاہم ممبئی میں کانگریسی رہنما اور دونوں کے مشترکہ دوست مرحوم بابا صدیقی کی افطار پارٹی میں برسوں کے گِلے دور ہوئے اور بالی وڈ کے دو بڑے خان پھر دوست بن گئے ۔حال ہی میں سلمان خان کو شاہ رخ کے صاحبزادے آریان خان کی ڈیبیو نیٹ فلکس فلم’ دی بیڈز آف بالی وڈ میں بطور کیمو دیکھا گیا۔



