امیتابھ بچن نے اپنی انجیو پلاسٹی کی خبروں کو ‘جعلی’ قرار دیدیا
ممبئی: بھارت کے لیجنڈری اداکار امیتابھ بچن نے اسپتال میں داخل ہونے اور اپنی انجیو پلاسٹی کی خبروں کو ‘جعلی خبر’ قرار دے دیا۔گزشتہ روز جمعے کے دن بھارتی میڈیا کی جانب سے یہ خبر سامنے آئی تھی کہ امیتابھ بچن کو سانس لینے میں تکلیف کی شکایت کی وجہ سے ممبئی کے کوکیلا بین اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔بھارتی میڈیا کا کہنا تھا کہ کوکیلا بین اسپتال کے ڈاکٹروں نے تصدیق کی ہے کہ جمعہ یعنی 15 مارچ کی صبح امیتابھ بچن کی انجیو پلاسٹی ہوئی۔انہی خبروں کے دوران، اب امیتابھ بچن کا ایک نیا ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہورہا ہے جس میں وہ بالکل ٹھیک نظر آرہے ہیں، ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق یہ ویڈیو 15 مارچ کی شب انڈین اسٹریٹ پریمیئر لیگ (آئی ایس پی ایل) کے فائنل میچ کے دوران بنائی گئی۔ویڈیو میں امیتابھ بچن کو اسٹیڈیم سے باہر نکلتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے، مختصر کلپ میں بھارتی میڈیا کے نمائندوں نے امیتابھ بچن سے ان کی صحت کے بارے میں پوچھا، پہلے تو اداکار نے اپنے ہاتھوں سے اشارہ کیا کہ سب ٹھیک ہے۔اس کے بعد اُنہوں نے کہا کہ تمام خبریں جعلی ہیں، پھر وہ مسکراتے ہوئے وہاں سے چلے گئے، امیتابھ نے اپنے بیٹے اداکار ابھیشیک بچن کے ساتھ انڈین اسٹریٹ پریمیئر لیگ کے فائنل میچ میں شرکت کی۔