جرمن شخص نے کینسر سے لیلیٰ واسطی کی زندگی کیسے بچائی؛ اداکارہ نے بتادیا

اداکارہ لیلیٰ واسطی کا کہنا ہے کہ کینسر سے جنگ جیتنے میں ایک جرمن ڈونر نے ان کی زندگی بچائی۔خوبصورت اور باوقار اداکارہ لیلیٰ واسطی نے اپنی زندگی کے سب سے کڑے امتحان اور حیران کن موڑ سے مداحوں کو آگاہ کردیا۔نجی ٹی وی کے ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے لیلیٰ واسطی نے اپنی کینسر سے جنگ کی نہایت تکلیف دہ کہانی بتائی جس میں انھیں اللہ نے سرخرو کیا۔لیلیٰ واسطی نے بتایا کہ جب میں کینسر جیسے جان لیوا مرض سے لڑ رہی تھیں تو اللہ کے بعد جس نے میری زندگی بچائی وہ جرمنی کا ایک ڈونر تھا۔اداکارہ نے بتایا کہ بون میرو ٹرانسپلانٹ کے لیے ڈونر کا بلڈ سیمپل بالکل ڈی این اے کی طرح میچ ہونا لازمی ہے۔ میرے اہلِ خانہ اور دوستوں میں سے کسی کا میچ نہیں ہو رہا تھا۔لیلیٰ واسطی نے مزید بتایا کہ ایسی صورت حال میں کسی ڈونر کی تلاش میں مریض کے برسوں بیت جاتے ہیں اور ڈونر ملنے تک بار بار کیمو تھراپی سے گزرنا پڑتا ہے۔ادکارہ نے بتایا کہ میری زندگی میں یہ ناقابل یقین واقعہ رونما ہوا کہ بہن بھائیوں یا دوستوں میں سے تو نہیں لیکن غیر واقف کاروں میں 19 میچنگ ڈونرز سامنے آگئے۔لیلیٰ واسطی نے کہا کہ انھی ڈونرز میں سے ایک جرمن شہری نے ان کی زندگی بچانے کے لیے اپنا بون میرو ڈونیٹ کیا تھا۔