ہر ڈرامے میں خاتون کو ایک تھپڑ ضرور کھاتے ہوئے دکھایا جاتا ہے، صحیفہ جبار
ماڈل و اداکارہ صحیفہ جبار نے کہا ہے کہ اب زیادہ تر ڈراموں کے اسکرپٹ ایسے لکھے جا رہے ہیں، جن میں کوئی نئی بات نہیں ہوتی اور ہر ڈرامے میں خاتون کو کم سے کم ایک تھپڑ ضرور کھاتے ہوئے دکھایا جاتا ہے۔صحیفہ جبار نے حال ہی میں مزاحیہ پروگرام مذاق رات میں شرکت کی، جہاں انہوں نے شوبز سمیت دیگر معاملات پر کھل کر بات کی۔اداکارہ نے ذہنی صحت پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ایک تو لوگ اپنی ذہنی بیماریوں سے متعلق سنجیدہ نہیں ہوتے اور جو لوگ سنجیدہ ہوتے ہیں، انہیں ڈاکٹرز کے پاس جانے کا کوئی فائدہ نہیں ملتا۔صحیفہ جبار کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ذہنی بیماریوں کا علاج کرنے والے ڈاکٹرز کی فیس زیادہ ہے اور ایک سیشن کی فیس 3 سے 4 ہزار روپے وصول کی جاتی ہے اور ہر ہفتے تین سیشن لینے کو کہا جاتا ہے اور ایک سیشن ایک گھنٹے کا ہوتا ہے۔اداکارہ کے مطابق ہر شخص ہفتے میں تین سے چار بار ایک گھنٹے کے لیے تین سے چار ہزار روپے کی فیس برداشت نہیں کر سکتا، اس لیے بھی بہت سارے لوگ ڈاکٹرز کے پاس نہیں جاتے۔انہوں نے کہا کہ ایسے میں شوبز شخصیات، سوشل میڈیا انفلوئنسرز اور معروف شخصیات کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ لوگوں کو اچھی تجاویز دیں، انہیں ذہنی صحت سے متعلق شعور دیں۔