عالیہ بھٹ کے ساتھ 77 لاکھ کا فراڈ کرنے والی سابقہ اسسٹنٹ گرفتار

بالی وڈ اداکارہ عالیہ بھٹ کی سابقہ پرسنل اسسٹنٹ کو لاکھوں روپے کی دھوکا دہی کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق 32 سالہ سابق پرسنل اسسٹنٹ ویدیکا پرکاش شیٹی پر الزام ہےکہ انہوں نے عالیہ بھٹ کی پروڈکشن کمپنی (ایٹرنل سن شائن پروڈکشنز پرائیویٹ لمیٹڈ) اور ذاتی اکاؤنٹس میں 76.9 لاکھ روپے کی بے ضابطگیاں کی ہیں۔پولیس کےمطابق ویدیکا پرکاش شیٹی نے یہ فراڈ مئی 2022 سے اگست 2024 کے دوران کیا جس کی نشاندہی عالیہ بھٹ کی والدہ ڈائریکٹر و اداکارہ سونی رازدان نے کی اور رواں سال جنوری کی 23 تاریخ کو پولیس کو شکایت درج کروائی۔پولیس کے مطابق تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ ویدیکا نے مبینہ طور پر جعلی بل تیار کیے اور اداکارہ سے ان پر دستخط یہ کہہ کرکروائےکہ یہ اخراجات ان کے سفر، ملاقاتوں اور دیگر متعلقہ انتظامات پر آئے ہیں۔پولیس کے مطابق ویدیکا فراڈ کی رقم پہلے اپنے دوست کے اکاؤنٹ میں ڈلواتی تھی اور پھر اپنے اکاؤنٹ میں منتقل کرتی تھی، شکایت درج ہونےکے بعد ویدیکا فرار ہوگئی تھی جس پر پولیس نے اس کی لوکیشن ٹریس کرکے اسے بنگلورو سے گرفتار کرلیا۔