راحت فتح علی خان میوزک ٹور کیلئے برطانیہ پہنچ گئے

پاکستان کے معروف گلوکار راحت فتح علی خان اپنے فن کا مظاہرہ کرنے کے لیے برطانیہ پہنچ گئے ہیں۔ راحت فتح علی خان برمنگھم، لندن اور مانچسٹر میں اپنے مداحوں کے لئے پرفارم کریں گے۔ لندن میں پریس کانفرنس کے دوران راحت فتح علی خان نے کہا کہ وہ بارہ سال کی عمر میں پہلی بار برطانیہ آئے تھے اور انہیں برطانوی عوام سے خاص لگاؤ ہے۔اس ٹور میں راحت فتح علی خان کے ساتھ ان کے صاحبزادے بھی موجود ہیں، جو اس دورے کے دوران پہلی بار بڑے آڈیٹوریم میں پرفارم کریں گے۔ اس کے علاوہ گلوکار وارث بیگ کے صاحبزادے عمار بیگ بھی اس ٹور میں راحت فتح علی خان کے ساتھ شامل ہیں۔راحت فتح علی خان نے مزید کہا کہ وہ اپنے فارغ اوقات میں مہدی حسن، ملکہ ترنم نورجہاں، محمد رفیع، کشور کمار اور لتا منگیشکر کی موسیقی بڑے شوق سے سنتے ہیں۔گلوکار نے اپنے مداحوں سے اپنی پرفارمنس کے لیے بھرپور محبت اور حمایت کا بھی شکریہ ادا کیا۔