مارکیٹنگ کےلیے نام کے غلط استعمال پر نورا فتیحی شدید برہم

بالی ووڈ کی معروف ڈانسر اور اداکارہ نورا فتیحی نے حال ہی میں ایک انٹرویو میں ان پبلک ریلیشن حکمت عملیوں پر تنقید کی ہے جو نئے گانوں کو فروغ دینے کےلیے انہیں نیچا دکھانے کی کوشش کرتی ہیں۔اداکارہ کا کہنا ہے کہ کچھ اداکار PR ایجنسیوں کو ہائر کرتے ہیں تاکہ وہ انہیں نورا کے ساتھ موازنہ کرکے اپنی مارکیٹنگ کریں۔نورا فتیحی نے بی بی سی ایشین نیٹ ورک کو دیے گئے ایک انٹرویو میں بتایا کہ فلم انڈسٹری میں کچھ لوگ انہیں مغرور سمجھتے ہیں، لیکن حقیقت میں وہ صرف سیدھی سادی ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ جب وہ فلموں میں لیڈ رولز کرنا چاہتی ہیں تو انہیں جج کیا جاتا ہے، جب کہ انہیں صرف ڈانس نمبرز تک محدود رکھا جاتا ہے۔نورا نے کہا ’’میرا خیال یہ ہے کہ ہر کسی کو گانے کرنے اور ایکٹنگ کرنے کا موقع ملنا چاہیے، لیکن یہ سب کےلیے منصفانہ ہونا چاہیے۔ جب میں ان گانوں کو دیکھتی ہوں، تو مجھے کیا پسند ہے؟ کہ لڑکیاں باہر آرہی ہیں، پراعتماد ہیں، اور پرفارم کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔ لیکن مجھے یہ پسند نہیں جب ہر کوئی میرے نام کو مارکیٹنگ کےلیے استعمال کرتا ہے۔‘‘نورا نے یہ بھی بتایا کہ کچھ اداکار اپنی PR ایجنسیوں کو پیسے دیتے ہیں تاکہ وہ ان کے نام کو گانوں کو فروغ دینے کےلیے استعمال کریں۔