وزیر خارجہ مارکو روبیو کی بین الاقوامی ترقیاتی ادارے ’’یو ایس ایڈ‘‘ کے قائم مقام ایڈمنسٹریٹر کی حیثیت سے تقرری
امریکہ کا بین الاقوامی ترقیاتی ادارہ یو ایس ایڈ عرصہ ہوا بیرون ملک امریکی مفادات کو فروغ دینے کے اپنے اصلی مشن سے بھٹک چکا ہے اور یہ بات اب بہت حد تک واضح ہو چکی ہے کہ یو ایس ایڈ کی فنڈنگ کا اچھا خاصا حصہ امریکہ کے بنیادی مفادات سے ہم آہنگ نہیں رہا۔اِس ادارے پر کنٹرول حاصل کرنے اور اِس کی سرگرمیوں کے بہتر فہم کی غرض سے ایک عبوری قدم کے طور پر صدر ڈونلڈ جے ٹرمپ نے وزیر خارجہ مارکو روبیو کو یو ایس ایڈ کا قائم مقام ایڈمنسٹریٹر مقرر کیا ہے۔ وزیر خارجہ روبیو نے کانگریس کو بھی مطلع کر دیا ہے کہ یو ایس ایڈ کی غیر ملکی امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا جا رہا ہے جس کے دوران ممکنہ طور پر اِس کی تنطیم نو پر توجہ دی جائے گی۔یو ایس ایڈ کا جائزہ لیتے ہوئے ہم اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ یہ “سب سے پہلے امریکہ” کے ایجنڈے اور محکمہ خارجہ کی کاوشوں سے ہم آہنگ ہو۔ اِس دوران ہم امریکی عوام کے مفادات کا تحفظ جاری رکھیں گے اور اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ ان کے ٹیکس ڈالر ضائع نہ ہوں۔