صدرٹرمپ کے ایک حکم نے ہزاروں افغان شہریوں کی امریکہ منتقلی روک دی
نو منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ایک ایگزیکٹو آرڈر نے ہزاروں افغان شہریوں کی امریکا منتقلی روک دی۔غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ایک امریکی عہدیدار نے ہفتے کے روز کہا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے غیر ملکی امداد روکنے سے متعلق حکم کے بعد 40,000 سے زیادہ افغان شہریوں کے لیے پروازیں معطل ہوگئی ہیں، ان افغان شہریوں کے لیے خصوصی امریکی ویزوں کی منظوری دی گئی تھی اور انہیں طالبان کے انتقام کا خطرہ ہے۔رپورٹ کے مطابق ان میں سے زیادہ تر شہری افغانستان میں ہیں، باقی پاکستان، قطر اور البانیہ میں ہیں افغان شہریوں کی منتقلی میں تعطل ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے 90 دنوں کے لیے غیر ملکی ترقیاتی امداد روکنے کے حکم کے باعث ہوئی ہے جب کہ اس دوران امریکی صدر کی امریکا فرسٹ خارجہ پالیسی کے تناظر میں اس امداد کا جائزہ لیا جائے گا۔ رپورٹ کے مطابق جو بائیڈن کے دور میں ایک لاکھ افغان شہریوں کو امریکا میں پناہ دی گئی، اس سے قبل باراک اوباما کے دور صدارت میں تقریباً 85 ہزار افغانی امریکا منتقل ہوئے جب کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے پہلے دور صدارت میں صرف 11 ہزار افغان شہری امریکا منتقل کیے گئے۔