چین امریکی سیاست پر اثر انداز ہونے کیلئے ’ایجنٹ‘ استعمال کر رہا ہے، امریکا

چین امریکی سیاست پر اثر انداز ہونے کیلئے ’ایجنٹ‘ استعمال کر رہا ہے، امریکا

امریکی استغاثہ کا کہنا ہے کہ چین کی حکمران کمیونسٹ پارٹی نے امریکی ریاست کی سیاست پر اثر انداز ہونے کے لیے کیلیفورنیا میں ایک ’ایجنٹ‘ کا استعمال کیا۔ایف بی آئی کے ایجنٹوں نے 64 سالہ یاؤننگ ’مائیک‘ سن کو لاس اینجلس کے قریب چینو ہلز میں واقع ان کے گھر سے اس الزام میں گرفتار کیا کہ انہوں نے مقامی سیاست میں ملوث ہوکر غیر ملکی حکومت کے ایجنٹ کے طور پر کام کیا۔اس حوالے سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ یاؤننگ مائیک سن ایک سیاست دان کی انتخابی مہم کے مینیجر اور قریبی ساتھی کے طور پر کام کرتے تھے، جو 2022 میں مقامی طور پر منتخب ہونے والے عہدے کے لیے انتخاب لڑ رہے تھے۔انتخابی مہم کے دوران ان پر الزام ہے کہ انہوں نے چینی شہری چن جون کے ساتھ مل کر سازش کی، جسے بیجنگ کے غیر قانونی ایجنٹ کے طور پر کام کرنے کے الزام میں گزشتہ ماہ جیل کی سزا سنائی گئی تھی۔امریکی محکمہ انصاف کا کہنا ہے کہ چن جون نے چینی سرکاری عہدیداروں کے ساتھ تبادلہ خیال کیا کہ وہ مقامی سیاست دانوں کو تائیوان سمیت دیگر معاملات پر کس طرح متاثر کرسکتے ہیں۔چین خود مختار جزیرے تائیوان کو اپنے علاقے کا حصہ قرار دیتا ہے۔بیجنگ نے کہہ رکھا ہے کہ وہ تائیوان کو اپنے کنٹرول میں لانے کے لیے طاقت کے استعمال سے کبھی گریز نہیں کرے گا، اس معاملے میں چین پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ وہ عالمی رائے کو متاثر کرنے کے لیے دیگر ہتھکنڈوں کے علاوہ مقامی اثر و رسوخ کی مہمات کا استعمال کرتا ہے۔دستاویزات میں کہا گیا ہے کہ 2022 کے اواخر میں مقامی سیاستدان کے اقتدار میں آنے کے بعد چن جون نے یاؤننگ مائیک سن کو ہدایت کی کہ وہ انتخابات کے بارے میں ایک رپورٹ تیار کریں، جو چینی حکومت کے عہدیداروں کو بھیجی جائے، جنہوں نے ان کے کام پر شکریہ ادا کیا۔امریکی اٹارنی مارٹن ایسٹراڈا نے کہا کہ اس شکایت میں جس طرز عمل کا الزام لگایا گیا ہے وہ انتہائی تشویش ناک ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم غیر ملکی دشمن قوتوں کو اپنے ملک کی حکمرانی میں مداخلت کی اجازت نہیں دے سکتے، سن پر ایک غیر ملکی حکومت کے غیر قانونی ایجنٹ کے طور پر کام کرنے کا الزام عائد کیا گیا تھا، جس میں وفاقی جیل میں زیادہ سے زیادہ 10 سال قید کی سزا ہوسکتی ہے۔انہیں امریکا کے خلاف جرم کرنے کی سازش کے ایک الزام کا بھی سامنا ہے، جس میں زیادہ سے زیادہ 5 سال کی سزا ہوسکتی ہے۔

kamran