جنوبی کوریا کا شمالی کوریا پر جی پی ایس سگنل جام کرنے کا الزام
سیول : جنوبی کوریا نے شمالی کوریا پر جی پی ایس سگنل جام کرنے کا الزام عائد کردیا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق جنوبی کوریا کی فوج کا کہنا ہےکہ شمالی کوریا گلوبل پوزیشننگ سسٹم (جی پی ایس) کو جام کرنے کے لیے مسلسل سسٹم پر حملے کررہا ہے جس کے باعث متعدد شپس اور سویلین ائیر کرافٹ کے آپریشنز میں خلل پیدا ہوا ہے۔جنوبی کوریا کے جوائنٹ چیفس آف سٹاف نے خبردار کیا ہےکہ شمالی کوریا کے جی پی ایس سگنل جام کرنے کی کوششوں کے دوران مغربی ساحلی علاقے میں شپس اور ائیرکرافٹ آپریشنز میں احتیاط برتی جائے۔جنوبی کوریا کے جوائنٹس چیفس کا کہنا ہے کہ شمالی کوریا ہیجو اور کیسونگ کے علاقوں میں جی پی ایس جیمنگ اٹیک کررہا ہے جس کے باعث متعدد چھوٹے بڑے بحری جہاز اور سویلین ائیرکرافٹس کو اپنے آپریشنز جاری رکھنے میں دشواری کا سامنا ہے۔جنوبی کوریا کے عسکری حکام نے شمالی کوریا سے فوری طور پر جی پی ایس جیمنگ اٹیک بند کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ایسا نہ کرنے کی صورت میں شمالی کوریا کو اپنے عمل کا جواب دینا ہوگا۔جنوبی کوریا کے حکومتی عہدیداران نے دعویٰ کیا کہ 29 مئی سے 2 جون کے درمیان تقریباً 500 جہاز اور سیکڑوں شپس کو شمالی کوریا کی مداخلت کی وجہ سے مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔حکام کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے اقوام متحدہ کی ایوی ایشن باڈی کو بھی شکایت کی گئی جبکہ انٹرنیشنل سول ایوی ایشن نے بھی شمالی کوریا کو اس عمل سے باز رہنے کی ہدایت کی ہے۔