کملا ہیرس جیت گئیں توامریکہ کو تیسری عالمی جوہری جنگ کی طرف دھکیل دیں گی؛ ٹرمپ
واشنگٹن: سابق امریکی صدر اور ریپبلکن پارٹی کے موجودہ صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے حکمراں جماعت کی صدارتی امیدوار کملا ہیرس کو ایک بار پھر کڑی تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے ذاتی سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر لکھا کہ کملا ہیرس کی زیر قیادت امریکا کا کوئی مستقبل نہیں۔سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کملا ہیرس کے حوالے سے مزید کہنا تھا کہ وہ ملک کو تیسری عالمی جوہری جنگ کی جانب لے جائیں گی۔ڈونلڈ ٹرمپ نے کملا ہیرس کے الزام کی تردید کرتے ہوئے کہا میرا پروجیکٹ 2025 سے کوئی لینا دینا نہیں۔ انھوں نے بے بنیاد الزام لگایا ہے۔خیال رہے کہ کملا ہیرس نے گزشتہ روز کہا تھا کہ ٹرمپ کا دوبارہ صدر بننا ملک کے لیے انتہائی خطرناک ہوگا وہ تمام اختیارات اپنے مفاد کے لیے استعمال کریں گے۔کملا پیرس نے اپنی کل کی تقریر میں سابق صدر پر یہ الزام بھی عائد کیا تھا کہ وہ اپنے انتہائی قدامت پسند ایجنڈے کے ذریعے ملک کو تنزلی کی جانب دھکیلنے کے خواہش مند ہیں۔ جیسا کہ ٹرمپ کے قریب ترین مشیر کے تحریر کردہ منصوبے “پروجیکٹ 2025میں موجود ہے۔