غزہ میں دیرپا جنگ بندی کی شرط پر اسرائیلی مغویوں کی رہائی کیلئے سنجیدہ ہیں، حماس
فلسطینی تنظیم حماس نے کہا ہے کہ اگر اس کی دیرپا جنگ بندی سمیت دیگر شرائط کو تسلیم کر لیا جائے تو وہ اسرائیل کے ساتھ جنگ کے خاتمے کے حوالے سے معاہدہ کرنے کے لیے تیار ہے۔قطری نشریاتی ادارے ’الجزیرہ‘ کی رپورٹ کے مطابق تنظیم کے سیاسی ونگ کے رکن خلیل الحیہ نے کہا کہ حماس اس معاہدے کے فریم ورک کے مطابق اسرائیلی مغویوں کو چھوڑنے کے لیے سنجیدہ ہے جو ان ہزاروں فلسطینیوں کی رہائی کو یقینی بنائے جو اسرائیلی جیلوں میں موجود ہیں۔انہوں نے منگل کے روز نشر ہونے والے ایک انٹرویو میں ’الجزیرہ عربی‘ کو بتایا کہ حماس مستقل جنگ بندی اور غزہ کی پٹی میں اسرئیلی جارحیت کی مکمل بندش تک دشمن کے ساتھ معاہدہ نہیں کرے گا۔اکتوبر میں حالیہ تنازع کے آغاز سے اب تک اسرائیلی بمباری میں 34 ہزار سے زیادہ لوگ شہید ہوچکے ہیں جن میں زیادہ تر خواتین اور بچے شامل ہیں۔