
تہران: ایران نے اعلان کیا ہے کہ عراقی جہازوں کو آبنائے ہرمز سے گزرنے کی مکمل اجازت ہوگی اور ان پر کسی قسم کی پابندی عائد نہیں کی جائے گی، جبکہ دیگر ممالک کے لیے کنٹرول برقرار رہے گا۔ایرانی فوج کے خاتم الانبیاء سینٹرل ہیڈکوارٹرز کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ عراق کو اس اہم آبی گزرگاہ میں خصوصی استثنا دیا گیا ہے اور یہ سہولت دشمن ممالک کے علاوہ دیگر کے لیے محدود ہوگی۔ بیان میں عراق کی خودمختاری کا احترام کرتے ہوئے اس کی امریکا کے خلاف جدوجہد کو بھی سراہا گیا۔یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب امریکا کے صدر ٹرمپ نے ایران کو خبردار کیا ہےکہ وہ آبنائے ہرمز پر کنٹرول ختم کرے یا کسی معاہدے پر آمادہ ہو، بصورت دیگر سخت نتائج کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ ایران نے امریکی دھمکی کو مسترد کرتے ہوئے اسے غیر سنجیدہ اور غیر متوازن قرار دیا ہے۔واضح رہے کہ ایران نے 28 فروری سے امریکا اور اسرائیل کے ساتھ جاری کشیدگی کے بعد آبنائے ہرمز پر عملاً کنٹرول سخت کر دیا تھا، جس کے باعث عالمی تجارت اور توانائی کی سپلائی شدید متاثر ہوئی۔



