بھارت؛ پاکستانی پرچم لہرانے والی دخترانِ ملت کی سربراہ آسیہ اندرابی کو عمر قید

بھارت کی بدنام زمانہ جیل میں 2017 سے بے گناہ قید مقبوضہ کشمیر کی تنظیم دختران ملت کی سربراہ آسیہ اندرانی کے متنازع کیس کا فیصلہ سنا دیا گیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق نئی دہلی کی ایک عدالت نے مقبوضہ کشمیر کی تنظیم ’دخترانِ ملت‘ کی سربراہ سیدہ آسیہ اندرابی اور اُن کی دو ساتھیوں صوفی فہمیدہ اور ناہیدہ نسرین کو انسدادِ دہشت گردی کے قانون کے تحت سزائیں سنائیں۔بھارتی تحقیقاتی ایجنسی کے مطابق گذشتہ برسوں کے دوران مختلف پولیس تھانوں میں آسیہ اندرابی کے خلاف 33، صوفی فہمیدہ کے خلاف 9 اور ناہیدہ نسرین کے خلاف 5 مقدمے درج کیے گئے ہیں۔تاہم دہلی کی عدالت نے ملک کے خلاف جنگ چھیڑنے اور سازش رچانے کے الزامات میں تینوں خواتین رہنماؤں کو مجرم قرار دیا تھا۔ 65 سالہ آسیہ اندرابی کو عمر قید جبکہ 41 سالہ صوفی فہمیدہ اور 59 سالہ ناہیدہ نسرین کو تیس تیس سال قید کی سزا سنائی گئی۔



