
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کے ساتھ جاری مذاکرات میں کئی نکات پر اتفاق ہوگیا ہے اور بات چیت کے لیے پہل ایرن نے کی تھی البتہ ایران نے تردید کی ہے۔عالمی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق ایک ایرانی سینیئر عہدیدار نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بتایا ہے کہ ہفتے کے روز امریکا نے ایرانی پارلیمان کے اسپیکر محمد باقر قالیباف سے ملاقات کی درخواست کی ہے۔سینیئر عہدیدار نے رائٹرز کو مزید بتایا کہ امریکا کی ملاقات کی درخواست پر ایرانی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل نے تاحال کوئی فیصلہ نہیں کیا اور نہ ہی امریکی درخواست کا جواب دیا گیا ہے۔رائٹرز کے بقول ایران کے سینیئر عہدیدار نے اس مجوزہ ملاقات کے مقام یا اس سے متعلق مزید تفصیلات کے بارے میں کچھ نہیں بتایا۔دوسری جانب ایران کی وزارت خارجہ نے امریکا کے ساتھ کسی بھی قسم کے مذاکرات کی سختی سے تردید کی ہے ترجمان کے مطابق گزشتہ چوبیس دنوں کے دوران امریکا کے ساتھ کوئی بات چیت نہیں ہوئی۔



