ایران پر حملے کیلئے نیٹو نے تعاون نہیں کیا، امریکا کو بھی انکی ضرورت نہیں رہی؛ ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے شکوہ کیا ہے کہ بیشتر نیٹو ممالک نے ایران کے خلاف جنگ میں ہمارے ساتھ تعاون نہیں کیا اور اب ہمیں بھی کسی کی ضرورت نہیں رہی ہے۔ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر جاری بیان میں کہا کہ امریکا نے اتحادی ممالک سے مدد طلب کی تھی تاکہ خلیج میں تجارتی جہازوں کو محفوظ راستہ مل سکے۔انھوں نے مزید کہا کہ خاص طور پر اُس وقت جب ایران کی جانب سے آبنائے ہرمز میں آئل ٹینکرز اور تجارتی جہازوں کو شدید خطرات لاحق ہیں۔امریکی صدر شکوہ کیا کہ بیشتر نیٹو اتحادی ممالک نے آبنائے ہرمز میں ایران کے خلاف فوجی آپریشن میں شامل ہونے سے ہچکچاہٹ کا مظاہرہ کیا۔ان کا کہنا تھا کہ امریکا اپنے اتحادیوں کے تحفظ کے لیے ہر سال اربوں ڈالر خرچ کرتا ہے، لیکن ضرورت کے وقت وہی ممالک امریکا کا ساتھ نہیں دیتے۔ یہ اتحاد اکثر یک طرفہ ثابت ہوتا ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یہ بھی واضح کیا کہ حالیہ فوجی کامیابیوں کے بعد امریکا کو بھی اب نیٹو یا دیگر اتحادیوں کی مدد کی ضرورت نہیں۔



