
لبنان کے دارالحکومت بیروت میں ایک ہوٹل پر اسرائیلی فضائی حملے کے نتیجے میں کم از کم چار افراد جاں بحق اور دس زخمی ہو گئے ہیں۔لبنانی وزارتِ صحت کے مطابق یہ حملہ شہر کے مرکزی علاقے راوشے (Raouche) میں واقع ایک ہوٹل کے کمرے کو نشانہ بنا کر کیا گیا۔راوشے بحیرۂ روم کے ساحل کے قریب ایک مشہور سیاحتی علاقہ ہے جہاں کئی ہوٹل واقع ہیں۔ جاری جنگ کے باعث ان ہوٹلوں میں بڑی تعداد میں وہ افراد بھی مقیم تھے جو جنوبی لبنان اور بیروت کے مضافاتی علاقوں سے نقل مکانی کر کے آئے تھے۔اسرائیلی فوج نے ایک بیان میں کہا ہے کہ حملے میں ایران کی پاسدارانِ انقلاب (IRGC) کی ایلیٹ قدس فورس کے اہم کمانڈروں کو نشانہ بنایا گیا، تاہم ان کمانڈروں کے نام ظاہر نہیں کیے گئے۔اسرائیل کے مطابق یہ کمانڈر لبنان میں موجود قدس فورس کے نیٹ ورک کے ذریعے اسرائیل اور اس کے شہریوں کے خلاف حملوں کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔لبنان اس علاقائی جنگ میں اس وقت شامل ہوا جب ایران کی حمایت یافتہ تنظیم حزب اللہ نے 2 مارچ کو اسرائیل پر حملے کیے۔ یہ حملے ایران کے سپریم لیڈر علی خامنہ ای کی شہادت کے بعد کیے گئے، جو 28 فروری کو امریکا اور اسرائیل کے مشترکہ حملوں میں مارے گئے تھے۔



