اسرائیلی فوجی ہیڈکوارٹر کے باہر لائیو کوریج؛ 2 ترک صحافی گرفتار

اسرائیلی دارالحکومت تل ابیب میں فوج کے ہیڈکوارٹر کے باہر لائیو نشریات کرنے والے دو ترک صحافیوں کو حراست میں لے لیا گیا۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق سی این این سے تعلق رکھنے والے دونوں صحافی ایران کے تل ابیب اور اسرائیل کے دیگر علاقوں پر میزائل حملوں کے بعد کی صورتحال کی کوریج کر رہے تھے۔عینی شاہدین کے بقول یہ دونوں صحافی تل ابیب میں واقع اسرائیلی فوج کے مرکزی ہیڈکوارٹر کے ’’کریا ملٹری کمپلیکس‘‘ کے باہر کیمروں کے ساتھ بہت نزدیک موجود تھے۔یہ صحافی امریکی نشریاتی ادارے سی این این کے ترک زبان کے چینل سے وابستہ تھے جن میں ایک رپورٹر اور ایک کیمرہ مین شامل ہے۔اسی دوران ایران کے میزائل حملوں کے بعد اس علاقے میں سیکیورٹی سخت کر دی گئی تھی اور خلاف ورزی پر دونوں صحافیوں کو حراست میں لے لیا گیا۔لائیو نشریات کے دوران ہی دو فوجی اہلکار آئے اور رپورٹر کا موبائل فون اپنے قبضے میں لے لیا۔ بعد ازاں پولیس نے دونوں کو حراست میں لے لیا۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ انہیں اطلاع ملی تھی کہ دو مشتبہ افراد کیمرے کے ساتھ ایک غیر ملکی میڈیا چینل کے لیے حقیقی وقت میں ریکارڈنگ کر رہے ہیں۔



