ٹرمپ کی ممکنہ فوجی کارروائی کے بیانات کو ایران سنجیدگی سے لے، امریکی نائب وزیر خارجہ

واشنگٹن/جنیوا: امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے ایران کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا کی ممکنہ فوجی کارروائی سے متعلق بیانات کو سنجیدگی سے لیا جائے۔امریکی نشریاتی ادارے فاکس نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صدر ٹرمپ واضح کر چکے ہیں کہ ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔جے ڈی وینس کا کہنا تھا کہ امریکا ایران کے ساتھ جوہری تنازع کا حل سفارتکاری کے ذریعے چاہتا ہے اور امید ہے کہ ایرانی حکام آئندہ مذاکرات میں اس مؤقف کو سنجیدگی سے لیں گے۔انہوں نے کہا کہ صدر ٹرمپ سفارتی حل کو ترجیح دیتے ہیں، تاہم امریکا کے پاس دیگر آپشنز بھی موجود ہیں۔ادھر امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا کہ ایران اس وقت یورینیم کی افزودگی نہیں کر رہا، لیکن افزودگی کی صلاحیت حاصل کرنے کی کوشش جاری ہے۔انہوں نے بیلسٹک میزائل پروگرام پر مذاکرات نہ ہونے کو ایک بڑا مسئلہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایران بین البراعظمی بیلسٹک میزائل حاصل کرنے کی کوشش کر رہا ہے اور اس موضوع پر بات چیت سے گریز کر رہا ہے۔دوسری جانب امریکا اور ایران کے وفود کے درمیان جوہری پروگرام سے متعلق مذاکرات کا تیسرا دور آج جنیوا میں متوقع ہے۔ امریکی حکام کا کہنا ہے کہ وہ سفارتکاری کے ذریعے مسئلے کا حل چاہتے ہیں، تاہم تمام ممکنہ آپشنز میز پر موجود ہیں۔



