بی این پی سربراہ طارق رحمان حلف اٹھا کر بنگلا دیش کے وزیر اعظم بن گئے

ڈھاکا: بنگلا دیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) کے سربراہ طارق رحمان نے شاندار انتخابی کامیابی کے بعد بنگلا دیش کے وزیر اعظم کے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔ ان کی جماعت نے پارلیمانی انتخابات میں دو تہائی اکثریت حاصل کر کے تقریباً دو دہائیوں بعد اقتدار میں واپسی کی ہے۔روایت کے برعکس حلف برداری کی تقریب صدارتی محل کے بجائے قومی پارلیمنٹ کی عمارت کے ساؤتھ پلازہ میں کھلے آسمان تلے منعقد ہوئی۔صدر محمد شہاب الدین نے طارق رحمان اور ان کی کابینہ سے حلف لیا۔ تقریب میں اعلیٰ سیاسی و عسکری حکام، سفارت کاروں اور چین، بھارت اور پاکستان سمیت مختلف ممالک کے نمائندوں نے شرکت کی۔60 سالہ طارق رحمان سابق وزیر اعظم خالدہ ضیاء کے صاحبزادے اور مقتول صدر ضیاء الرحمان کے بیٹے ہیں۔ وہ 17 سال جلاوطنی کے بعد گزشتہ برس وطن واپس آئے تھے۔ ان کی واپسی کو بی این پی کی انتخابی مہم میں اہم موڑ قرار دیا گیا۔



