دنیا بھر کے 100 فنکاروں کا فرانچسکا البانیز کی حمایت میں کھلا خط

دوحہ: دنیا بھر کے 100 سے زائد ممتاز فنکاروں نے مقبوضہ فلسطینی علاقوں کے لیے اقوام متحدہ کی خصوصی نمائندہ فرانچسکا البانیز کی حمایت میں ایک کھلا خط جاری کیا ہے۔قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ کے مطابق یہ اقدام ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب مختلف بین الاقوامی حلقوں کی جانب سے ان سے مستعفی ہونے کے مطالبات کیے جا رہے ہیں۔موسیقاروں، اداکاروں اور ادیبوں پر مشتمل فنکاروں کے گروپ ’آرٹسٹس فار فلسطین‘ کی جانب سے جاری کیے گئے خط میں کہا گیا کہ وہ مقبوضہ فلسطینی علاقوں کے لیے اقوام متحدہ کی خصوصی نمائندہ فرانچسکا البانیزکی مکمل حمایت کرتے ہیں، جو انسانی حقوق اور فلسطینی عوام کے حقِ وجود کی محافظ ہیں۔خط میں کہا گیا ہے کہ دنیا کے ہر کونے میں ہم جیسے بے شمار لوگ موجود ہیں جو چاہتے ہیں کہ طاقت نہیں بلکہ قانون کی حکمرانی ہو، اور جو جانتے ہیں کہ لفظ ’قانون کا حقیقی مطلب کیا ہے۔حمایت کرنے والوں میں ہالی ووڈ اداکار مارک روفیلو، ہسپانوی اداکار حاویئر باردم، نوبیل انعام یافتہ فرانسیسی مصنفہ اینی ارنوکس اور برطانوی گلوکارہ اینی لینوکس شامل ہیں۔گزشتہ ہفتے الجزیرہ فورم کے دوران فرانچسکا البانیز نے غزہ میں اسرائیلی جنگ پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ بطور انسانیت ہمارا ایک مشترکہ دشمن ہے۔بعد ازاں ایک جعلی ویڈیو سامنے آئی جس میں انہیں اسرائیل کو مشترکہ دشمن قرار دیتے دکھایا گیا، تاہم اس ویڈیو کی تردید کر دی گئی۔



