بین الاقوامی
ابوظبی میں روس یوکرین مذاکرات ناکام، دو روزہ بات چیت بغیر نتیجے کے ختم

ابوظبی میں امریکا کی ثالثی میں ہونے والے دو روزہ روس اور یوکرین کے مذاکرات بغیر کسی بڑی پیش رفت کے اختتام پذیر ہو گئے۔ مذاکرات میں روسی اور یوکرینی حکام کے درمیان براہِ راست رابطہ ہوا، تاہم کسی حتمی نتیجے پر اتفاق نہ ہو سکا۔اماراتی حکومت کے ترجمان کے مطابق بات چیت مثبت اور تعمیری ماحول میں ہوئی، جس میں امریکا کی جانب سے پیش کیے گئے امن فریم ورک کے مختلف نکات پر غور کیا گیا۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ فریقین نے سنجیدگی کے ساتھ مؤقف پیش کیے۔روسی وزارتِ خارجہ اور یوکرینی صدر ولودومیر زیلنسکی نے مذاکرات کے آئندہ دور میں شرکت پر رضامندی ظاہر کی ہے۔ صدر زیلنسکی کے مطابق روس یوکرین جنگ کے خاتمے کے لیے ابوظبی میں تعمیری گفتگو ہوئی، اور اگر مثبت پیش رفت جاری رہی تو ایک ہفتے کے اندر مزید مذاکرات متوقع ہیں۔



