ایران نے دنیا بھر کے اسرائیلی سفارتخانوں کو اپنا ہدف قرار دے دیا
ایران نے دنیا بھر کے اسرائیلی سفارتخانوں کو اپنا ہدف قرار دے دیا۔ایرانی فوج کے چیف آف اسٹاف میجر جنرل حمد حسین بغیری نے اپنے بیان میں کہا ہےکہ شام میں ایرانی سفارت خانے پر اسرائیلی حملے کا جواب دیا جائے گا، ایران اپنے ردعمل کا وقت اور طریقہ کار خود طے کرے گا۔میجر جنرل محمد حسین بغیری نے کہا کہ شام میں ایرانی سفارتخانے پر حملہ اسرائیل کا خودکش مشن تھا، ایران ایسی جوابی کارروائی کرےگا جس کےبعد اسرائیل کو اپنے اقدامات پر پچھتاوا ہوگا۔دوسری جانب ایران کے جوابی حملوں کے بیانات کے بعد اسرائیلی وزیر دفاع یواف گیلٹ نے بھی ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ایران کی طرف سے کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں۔اسرائیلی وزیر دفاع نے کہا کہ ایران کی طرف سے پیدا کردہ کسی بھی منظر نامے کے لیے تیاریاں مکمل ہیں۔ادھر لبنان میں حزب اللہ نے اسرائیلی ڈرون مار گرایا، یمن کے حوثی گروپ نے بحیرہ احمر میں اسرائیل جانے والے غیرملکی جہازوں کو میزائلوں اور ڈرونز سے نشانہ بنایا۔خیال رہے کہ گزشتہ دنوں اسرائیل کی جانب سے شام کے دارالحکومت دمشق میں ایران کے سفارتخانے پر میزائل حملے میں 8 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔غیر ملکی خبر رساں ایجنسی نے بتایاکہ اسرائیلی حملے میں جاں بحق ہونے والوں میں ایرانی پاسداران انقلاب کی القدس بریگیڈز کے سینیئر کمانڈر رضا زاہدی بھی شامل ہیں۔