
برطانوی میڈیا نے ایک ایسا دھماکہ خیز دعویٰ کر دیا ہے جس نے عالمی سیاست میں ہلچل مچا دی ہے۔ رپورٹس کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی فوج کے سب سے ایلیٹ یونٹ جوائنٹ اسپیشل آپریشنز کمانڈ کو گرین لینڈ پر ممکنہ فوجی کارروائی اور قبضے کا خفیہ منصوبہ تیار کرنے کی ہدایت دی ہے۔برطانوی اخبار نے اپنی رپورٹ میں باخبر ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ کے سخت گیر حلقے جن کی قیادت اسٹیفن ملر کر رہے ہیں، حالیہ خفیہ آپریشنز کی کامیابی کے بعد اس قدر پرجوش ہیں کہ اب آرکٹک کے اس اسٹریٹجک جزیرے کو بھی طاقت کے ذریعے امریکی اثر و رسوخ میں لانے کا خواب دیکھ رہے ہیں۔تاہم امریکی نظام کے اندر ہی شدید مزاحمت سامنے آ گئی ہے رپورٹ کے مطابق امریکی فوج کے اعلیٰ جنرلز اور جوائنٹ چیفس آف اسٹاف نے اس منصوبے کو کھلے الفاظ میں غیر قانونی، ناقابلِ عمل اور تباہ کن قرار دے دیا ہے۔عسکری قیادت کا مؤقف ہے کہ نہ تو کانگریس اس کی اجازت دے گی اور نہ ہی نیٹو اس کے نتائج برداشت کر سکے گا۔ذرائع کے مطابق اس ممکنہ منصوبے کے پیچھے تین بڑے مقاصد بتائے جا رہے ہیں، جس میں امریکا میں معاشی دباؤ سے عوام کی توجہ ہٹانا، مڈٹرم انتخابات سے قبل ایک بڑی فتح دکھانا اور آرکٹک میں روس اور چین کے بڑھتے اثر کو روکنا شامل ہے۔



