امریکا کو گرین لینڈ کا مالک ہونا چاہیے تاکہ روس یا چین اس پر قبضہ نہ کرلیں، ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکا کو گرین لینڈ کا مالک ہونا چاہیے تاکہ روس یا چین اس پر قبضہ نہ کرلیں، روس یا چین کو اپنے ہمسائے نہیں بنا سکتے۔وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ امریکا یہ ہرگز نہیں چاہتا کہ چین یا روس گرین لینڈ تک پہنچیں، ان کا کہنا تھا کہ اگر گرین لینڈ کو امریکا کا حصہ نہ بنایا گیا تو روس یا چین امریکا کے اگلے پڑوسی بن سکتے ہیں جو کسی صورت قابلِ قبول نہیں۔ انہوں نے کہا کہ چین اور روس کی عوام سے پیار کرتا ہوں لیکن انہیں امریکا کا پڑوسی نہیں بنایا جا سکتا۔ گرین لینڈ کے لیے رقم پر ابھی بات نہیں ہو رہی اس علاقے کے مالی معاملات پر فیصلہ بعد میں ہوگا۔وائٹ ہاوس میں امریکی آئل کمپنیوں کے اعلیٰ عہدیداروں سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر ٹرمپ نے وینزویلا کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ وینزویلا میں 100 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری پر غور کر رہے ہیں جبکہ امریکا اور وینزویلا کے پاس دنیا کا 55 فیصد تیل ہے، امریکا نے گزشتہ روز وینزویلا سے 3 کروڑ بیرل تیل لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین اور روس ہم سے وینزویلا کا تیل خرید سکتے ہیں۔



