
بھارت میں H-1B ویزا کے حصول کے خواہش مند شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، کیونکہ ویزا انٹرویوز اور اپائنٹمنٹس میں غیر معمولی تاخیر ہو رہی ہے۔بھارتی وزارتِ خارجہ نے تصدیق کی ہے کہ اس تاخیر کے باعث بڑی تعداد میں بھارتی شہری طویل عرصے سے اپنے ہی ملک میں پھنسے ہوئے ہیں۔بھارتی وزارتِ خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے اعتراف کیا ہے کہ اپائنٹمنٹس کے بحران نے متاثرہ افراد اور ان کے خاندانوں کو سنگین مسائل سے دوچار کر دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ صورتحال کئی ماہ سے برقرار ہے اور حکومت اس مسئلے پر نظر رکھے ہوئے ہے۔وزارتِ خارجہ کے مطابق امریکا کی جانب سے ویزا اسکریننگ کے عمل کو مزید سخت کر دیا گیا ہے، جس میں سوشل میڈیا اکاؤنٹس کو پبلک کرنے کی شرط، بھاری فیس، اور نئے انتخابی معیار شامل ہیں۔ ان اقدامات نے بھارتی درخواست گزاروں کے لیے H-1B ویزا کا حصول مزید مشکل بنا دیا ہے۔



