غزہ میں اسرائیلی مظالم سے چُور بےگھر فلسطینی موسم کی سختیوں سے نبرد آزما

غزہ میں اسرائیلی مظالم سے چُور بےگھر فلسطینیوں کو شدید سرد موسم میں طوفانی ہواؤں کےساتھ بارش کا بھی سامنا ہے۔ خیمے طوفانی ہواؤں سے اکھڑنے لگے ہیں، اکثر خیموں میں بارش کا پانی بھرنے سے بیٹھنے تک کی جگہ نہ رہی۔اسرائیلی بمباری سے تباہ غزہ کے الشفا اسپتال کی چھتوں سے بھی پانی ٹپکنے لگا، ایمبولینس اور دیگر گاڑیاں بھی پھنس گئیں۔اسرائیلی ناکہ بندی اور بنیادی ضروریات کی قلت کے درمیان فلسطینی ناکافی پناہ گاہوں میں زندہ رہنے کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔غزہ کی وزارت صحت کے مطابق 7 اکتوبر 2023 سے شروع ہونے والی اسرائیلی جارحیت کے بعد سے غزہ میں اب تک 70 ہزار 654 افراد شہید جبکہ ایک لاکھ 71 ہزار 95 افراد زخمی ہوچکے ہیں۔جنگ بندی معاہدے کے باوجود غزہ امداد پر اسرائیلی پابندیوں کے باعث 15 لاکھ بےگھر فلسطینی اب بھی بنیادی ضروریات سے محروم ہیں۔تمام تر مشکلات کے باوجود فلسطینیوں کے حوصلے بلند ہیں۔ فلسطینیوں نے اپنی مدد آپ کے تحت اسرائیلی بمباری سے تباہ عمارتوں کے سریوں سے اپنے لیے عارضی پناہ گاہیں بنانی شروع کردی ہیں۔



