
تہران: ایران کے سپریم لیڈر کے سینئر مشیر علی اکبر ولایتی نے کہا ہے کہ ایران لبنان کی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ کی بھرپور اور مستقل حمایت جاری رکھے گا۔ایرانی سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق علی اکبر ولایتی نے یہ بیان تہران میں حزب اللہ کے نمائندے سے ملاقات کے دوران دیا۔انہوں نے کہا کہ حزب اللہ خطے میں اسرائیل کے خلاف مزاحمت کا ایک اہم ستون ہے اور ایران سپریم لیڈر کی قیادت میں اس تنظیم کی مکمل حمایت کرتا رہے گا۔یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب امریکا اور اسرائیل کی جانب سے لبنان پر حزب اللہ کو غیر مسلح کرنے کے لیے دباؤ بڑھایا جا رہا ہے۔ غزہ جنگ کے آغاز کے بعد حزب اللہ اور اسرائیل کے درمیان ایک سال سے زائد عرصے تک کشیدگی اور جھڑپیں جاری رہیں۔ایران طویل عرصے سے جسے وہ "محورِ مزاحمت” کہتا ہے، اس کی حمایت کرتا آیا ہے، جس میں لبنان کی حزب اللہ، غزہ کی حماس اور یمن کے حوثی باغی شامل ہیں۔دوسری جانب لبنان نے جنوبی علاقوں سے حزب اللہ کے ہتھیار واپس لینے کا عندیہ دیا ہے۔ اس حوالے سے علی اکبر ولایتی کا حالیہ بیان لبنانی حکومت کی پالیسی سے متصادم قرار دیا جا رہا ہے۔گزشتہ ماہ ولایتی کے ایک بیان پر لبنانی حکام کی جانب سے شدید ردعمل بھی سامنے آیا تھا، جس میں لبنانی وزیر خارجہ نے ملک کی خودمختاری اور اندرونی فیصلوں کی آزادی کو سب سے اہم قرار دیا تھا۔



