بین الاقوامی

افغانستان پر کنٹرول کے 4 سال مکمل ہونے پر طالبان کا جشن، کابل میں ریلی

افغانستان پر برسر اقتدار طالبان جمعے کو اپنے اقتدار کی چوتھی سالگرہ کا جشن منارہے ہیں، کابل میں طالبان نے پرچم بردار ریلی نکالی تاہم گزشتہ سال منعقد کی جانے والی فوجی پریڈ اس سال بغیر وجہ بتائے منسوخ کردی گئی۔خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق روس کی جانب سے حکومت کو باضابطہ تسلیم کیے جانے کی پہلی مثال سے طالبان کو حوصلہ ملا ہے اور انہیں امید ہے کہ دیگر ممالک بھی اس کی پیروی کریں گے۔طالبان کے اقتدار کی چوتھی سالگرہ پر کئی شہروں میں پریڈز کی منصوبہ بندی کی گئی تھی، جن میں وسطی کابل بھی شامل تھا جہاں ہیلی کاپٹروں سے پھول برسائے جانے تھے اور طالبان کے ’اسلامی امارتِ افغانستان‘ کے سیاہ و سفید جھنڈے شہر بھر میں لہرا رہے تھے، تاکہ 15 اگست 2021 کو دارالحکومت کا کنٹرول سنبھالنے کا جشن منایا جاسکے۔اے ایف پی کے ایک صحافی کے مطابق جمعرات کی رات طالبان ارکان بند امریکی سفارتخانے کے قریب ایک چوک پر جمع ہوئے، جہاں انہوں نے جھنڈے لہرائے اور آتشبازی کی۔گزشتہ سال بگرام ایئربیس پر شاندار انداز میں منعقد کی جانے والی فوجی پریڈ، جو کبھی امریکا کی قیادت میں ہونے والے آپریشنز کا اہم مرکز تھی، اس سال کسی عوامی وضاحت کے بغیر منسوخ کر دی گئی ہے۔طالبان حکومت اب بھی عالمی سطح پر بڑی حد تک تنہا ہے کیونکہ اس نے اپنی سخت گیر اسلامی قانون کی تشریح کے تحت خاص طور پر خواتین پر متعدد پابندیاں عائد کر رکھی ہیں۔بین الاقوامی فوجداری عدالت نے جولائی میں طالبان کے 2 سینئر رہنماؤں کے وارنٹِ گرفتاری جاری کیے تھے، جن پر الزام ہے کہ انہوں نے خواتین اور لڑکیوں کے خلاف مظالم بشمول انہیں تعلیم اور روزگار، پارکوں، جم خانوں اور مرد سرپرست کے بغیر سفر سے روک کر انسانیت کے خلاف جرائم کا ارتکاب کیا ہے۔تاہم جولائی کے اوائل میں طالبان حکام کو ایک بڑی سفارتی کامیابی ملی جب روس ان کی حکومت کو باضابطہ تسلیم کرنے والا پہلا ملک بنا۔کابل کے وسطی ایشیائی ریاستوں، چین اور متحدہ عرب امارات سمیت کئی ممالک سے قریبی تعلقات ہیں، اگرچہ انہیں ان کی جانب سے باضابطہ تسلیم نہیں کیا گیا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button