تھائی لینڈ، ملائیشیا، انڈونیشیا میں تباہ کن سیلاب! ہلاکتیں 33 تک پہنچ گئیں

تھائی لینڈ، ملائیشیا اور انڈونیشیا دہائیوں بعد آنے والے بدترین سیلاب سے بری طرح متاثر ہوئے ہیں، تینوں ممالک میں ہلاکتوں کی مجموعی تعداد بڑھ کر 33 ہو گئی ہے۔شدید بارشوں نے تھائی لینڈ کے جنوبی شہر ہاٹ یائی کو تقریباً ڈوبا دیا، جہاں جمعہ کے روز 335 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جو گزشتہ 300 برسوں میں ایک دن میں ہونے والی سب سے زیادہ بارش ہے۔سیلاب نے تھائی لینڈ کے 9 اور ملائیشیا کے 8 صوبوں کے علاوہ انڈونیشیا کے متعدد علاقوں کو بھی متاثر کیا، جہاں تقریباً 50 ہزار افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنا پڑا۔ انڈونیشیا میں 13 اور ملائیشیا میں ایک ہلاکت کی تصدیق ہوئی ہے۔ہاٹ یائی شہر کے ہسپتالوں میں پانی داخل ہونے کے بعد تھائی فوج نے کشتیوں، ہیلی کاپٹروں اور حتیٰ کہ اپنے واحد طیارہ بردار جہاز کو بھی امدادی کارروائیوں کے لیے متحرک کیا۔ شہر کے کئی علاقے بجلی کے بغیر رات بھر اندھیرے میں ڈوبے رہے جبکہ متاثرہ لوگ چھتوں پر محصور ہو گئے۔حکام کے مطابق بعض علاقوں میں پانی کم ہو رہا ہے، تاہم تیز بہاؤ کے باعث ریسکیو ٹیموں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ تھائی فوج نے 200 کشتیاں اور 20 ہیلی کاپٹر متاثرہ علاقوں میں تعینات کر دیے ہیں، جبکہ سوشل میڈیا پر تقریباً 77 ہزار سے زائد افراد نے مدد کی اپیلیں بھیجی ہیں۔ماہرین کا کہنا ہے کہ شدید موسمی صورتحال کا تعلق بڑھتے ہوئے عالمی درجہ حرارت سے ہو سکتا ہے، جو ٹراپیکل طوفانوں کو مزید طاقتور بنا رہا ہے۔



