
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ روس اور یوکرین کے درمیان جاری جنگ کے خاتمے کے لیے معاہدہ طے پانے کے قریب ہے۔وائٹ ہاؤس میں تھینکس گیونگ کی تقریب سے خطاب میں ٹرمپ نے کہا کہ اس جنگ میں ہزاروں فوجی مارے جا چکے ہیں، تاہم اب امن معاہدے کے مسودے پر غیر معمولی پیش رفت ہوئی ہے۔ٹرمپ کا کہنا تھا کہ انہوں نے صرف نو ماہ میں آٹھ جنگیں رکوائیں، اور اب روس یوکرین جنگ کے خاتمے کے لیے بھی حتمی کوشش کر رہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ اپنے خصوصی نمائندے اسٹیو وٹکوف کو ماسکو بھیجنے کی ہدایت کی ہے تاکہ روسی صدر سے ملاقات کر کے حتمی نکات طے کیے جا سکیں۔ ٹرمپ کے مطابق معاہدے میں اب صرف چند اختلافی امور باقی ہیں۔وائٹ ہاؤس نے بھی تصدیق کی ہے کہ امن منصوبے پر بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے، تاہم کچھ حساس نکات پر مزید بات چیت کی ضرورت ہے۔چند روز قبل امریکی اور یوکرینی حکام نے جنیوا میں 28 نکاتی امریکی امن تجویز پر مذاکرات کیے تھے، جس کے بعد دونوں ممالک نے ایک نئے فریم ورک پر کام شروع کرنے کا اعلان کیا تھا۔واضح رہے کہ ٹرمپ نے یوکرین کو امن معاہدہ قبول کرنے کے لیے 27 نومبر کی ڈیڈ لائن بھی دے رکھی ہے۔



