متحدہ عرب امارات دنیا کا سب سے بڑا امداد کرنے والا ملک بن گیا

اقوام متحدہ نے متحدہ عرب امارات کو دنیا کا سب سے بڑا امداد کرنے والا ملک قرار دے دیا۔ اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ عرب امارات دنیا بھر میں امداد فراہم کرنے میں مصروف ہے۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات کی سالانہ امداد 1.5 ارب ڈالر رہی، فلسطین کو 2025 میں سب سے زیادہ امداد فراہم کی گئی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق غزہ کے فلسطینیوں کیلئے عالمی امداد کا 44 فیصد امارات سے بھیجا گیا ہے۔ امارات نے سوڈان بحران کے لیے600 ملین ڈالر امداد فراہم کی،جبکہ 90 ہزار ٹن انسانی امداد پہنچائی۔رپورٹس کے مطابق امارات نے افغانستان زلزلہ متاثرین کے لیے فوری امداد پہنچائی، عالمی بحرانوں میں عرب امارات کا تیز تر ردعمل رہا ہے۔دوسری جانب یو اے ای کے نائب صدر، وزیراعظم اور دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المکتوم نے ’رضاکارانہ اور سماجی شمولیت کا قومی نظام‘ کے آغاز کا اعلان کردیا ہے، جس کا مقصد رضاکارانہ خدمات کے اثرات کو بڑھانا، غیر منافع بخش تنظیموں کی معاونت کرنا اور پائیدار ترقی میں ان کے کردار کو مستحکم بنانا ہے۔شیخ محمد بن راشد المکتوم نے قصر الوطن سے اس قومی نظام کے شروع کئے جانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ یہ حکمتِ عملی ملک میں رضاکاروں کی تعداد کو چھ لاکھ تک بڑھانے، ایک متحدہ ڈیجیٹل پلیٹ فارم متعارف کرانے اور غیر منافع بخش اداروں کے دائرہ کار کو وسیع کرنے پر مشتمل ہے۔اُن کا کہنا تھا کہ منصوبے کے تحت ان اداروں کی تعداد میں 30 فیصد اضافہ کیا جائے گا، جبکہ 100 ملین درہم مالیت کے فنڈ بھی قائم کیا جائے گا جو مختلف سماجی منصوبوں اور تنظیموں کی معاونت کرے گا۔



