
امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ سعودی عرب کے ساتھ ایف-35 اسٹیلتھ لڑاکا طیاروں کی فراہمی کے معاہدے پر غور کر رہے ہیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹرمپ نے ایئر فورس ون پر صحافیوں کو بتایا کہ وہ (سعودی عرب) بہت سے جیٹ طیارے خریدنا چاہتا ہے۔ میں اس معاملے کو دیکھ رہا ہوں۔فائٹر طیاروں سے متعلق ممکنہ فروخت اس وقت سامنے آئی ہے جب ٹرمپ آئندہ ہفتے وائٹ ہاؤس میں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی میزبانی کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ اس موقع پر دونوں رہنماؤں کے درمیان اقتصادی اور دفاعی معاہدوں کی توقع ہے۔ٹرمپ نے صحافیوں کو بتایا کہ یہ ملاقات رسمی ملاقات سے زیادہ اہمیت کی حامل ہوگی۔ ہم سعودی عرب کا احترام کرتے ہیں۔ مجھے امید ہے کہ سعودی عرب جلد ہی ابراہیم معاہدے میں شامل ہو جائے گا۔تاہم دوسری جانب پینٹاگون کی ایک انٹیلی جنس رپورٹ نے ممکنہ F-35 معاہدے پر تشویش کا اظہار کیا ہے اور خبردار کیا ہے کہ اگر فروخت جاری رہی تو چین طیارے کی ٹیکنالوجی حاصل کر سکتا ہے۔



