نیٹو چیف کے روس سے ملکر بین الاقوامی قوانین کو نقصان پہنچانے کے الزامات بے بنیاد ہیں: ایران

تہران: ایران کا کہنا ہے کہ نیٹو کے سیکرٹری جنرل مارک روٹے کے روس کے ساتھ بین الاقوامی قوانین کو نقصان پہنچانے کے الزامات بے بنیاد ہیں۔عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ایران کی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے گزشتہ روز ہفتہ وار پریس کانفرنس کرتے ہوئے نیٹو کے سیکرٹری جنرل مارک روٹے کے حالیہ بیانات کو مسترد کر دیا، جن میں ایران اور روس پر ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کر کے بین الاقوامی قوانین کو کمزور کرنے کا الزام عائد کیا گیا۔اسماعیل بقائی کا کہنا تھا کہ نیٹو کے رکن ممالک خود زیادہ تر وہی اقدامات کرتے ہیں جن کے الزامات وہ دوسروں پر عائد کرتے ہیں، انہوں نے کہا کہ حقائق پر نظر ڈالنے سے بخوبی واضح ہوتا ہے کہ بین الاقوامی قانون اور اقوامِ متحدہ کے چارٹر کی خلاف ورزی دراصل کس فریق نے کی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ برسوں میں امریکا اور بعض دیگر نیٹو اراکین کی جانب سے قانون شکنی اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی معمول بنتی جا رہی ہے۔ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان نے مزید کہا کہ نیٹو کا سب سے بااثر رکن ملک امریکا عالمی امن و سلامتی کو سب سے زیادہ متاثر کرنے والا ملک ہے، انہوں نے زور دے کر کہا کہ نیٹو چیف کے الزامات بے بنیاد اور ایران کے خلاف لاحاصل پراپیگنڈا کے سوا کچھ نہیں۔



