افغانستان: بس اور ٹینکر میں تصادم کے نتیجے میں کم از کم 21 افراد ہلاک
افغانستان میں بس اور ٹینکر میں تصادم کے نتیجے میں کم از کم 21 افراد ہلاک ہوگئے۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق افغانستان کے صوبے ہلمند کے ضلع گریشک میں بس اور آئل ٹینکر میں تصادم کے نتیجے میں کم از کم 21 افراد ہلاک اور 38 زخمی ہو ئے۔صوبائی محکمہ اطلاعات کے سربراہ شیر محمد وحدت نے بتایا کہ قندھار، ہرات شاہراہ پر ہونے والے حادثے میں ایک موٹر سائیکل، ایندھن کا ٹرک اور ایک بس شامل تھی جو دار الحکومت کابل کی طرف جارہی تھی۔انہوں نے بتایا کہ بس کی پہلے موٹرسائیکل سے ٹکر ہوئی جس سےڈرائیور کنٹرول کھو بیٹھا اور پھر قندھار سے ہرات جانے والے ایک آئل ٹینکر سے ٹکرا گئی جس سے آگ بھڑک اٹھی۔صوبائی محکمہ اطلاعات نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں کہا کہ اتوار کی صبح ٹینکر، موٹر سائیکل اور مسافر بس کے درمیان تصادم کے نتیجے میں 21 افراد ہلاک اور 38 زخمی ہوئے،حادثے کی تحقیقات جاری ہیں۔